روم (ممتازحسین چودھری/سٹیٹ ویوز) اٹلی کے دارالحکومت روم میں ایک سماجی انسانی حقوق کی تنظیم 3 April کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں شرکا ملک بھر سے شریک ہوئے۔ مارچ کا مقصد دنیا میں امن و سکون اور آزادی کا حصول تھا۔ جس میں کثیر تعداد میں عراق، شام، اردن، فلسطین ، ترکی بنگلہ دیش پاکستان و آزاد کشمیر سمیت اٹلی کے مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ میلان سے سماجی تنظیم کےرکن Giorgio اورSabrina سمیت دیگرافراد نے شرکت کی۔
روم میں مارچ سےخطاب کرتے ہوئےکشمیر کمیونٹی میلان کے سرپرست محمد شریف خان عباسی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نصف صدی سے کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر کو بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن قائم ہو سکے۔انھوں نے مزید کہا کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی محکوم قوموں کے ساتھ ظلم و جبر ہو گا ہم اس کے خلاف آواز بلند کرتے آئے ہیں اور جب تک یہ ریاستی دہشت گردی بند نہیں ہو جاتی ہم آواز بلند کرتے رہیں گے۔
اس امن مارچ کا مقصد بلا رنگ و نسل، مذہب تمام دنیا کے ملکوں میں امن کا پیغام پہنچانا تھا۔ اس موقع پر مقامی صحافی برادری کی بھی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ اس امن مارچ میں جہاں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے افراد نے شرکت کی وہیں آزاد کشمیر کمیونٹی کی نمائندگی محمد شریف عباسی نے میلان سے کی، جبکہ روم سے طاؤس خان اور خواجہ اقبال نے اس مارچ میں شرکت کی۔